تیمرگرہ میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں شہید ہونیوالے میجرعلی سلمان کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر لاہور میں سپردخاک کر دیاگیا
میجرعلی سلمان نے تیمرگرہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مردانہ وار لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میجرعلی سلمان شہید کی نمازجنازہ لاہور گیریژن میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، شہید کے ورثا سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجرعلی سلمان کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہرلاہور میں سپردخاک کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں۔ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر اپردیر کے علاقے تیمرگرہ شیروٹکئی میں آپریشن کیا۔ اس دوران دہشتگردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس کے نتیجے میں انٹیلی جنس ایجنسی کے میجر علی سلمان اور تین جوان شہید ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ ایک کو فورسز نے گرفتار کر لیا۔ دیگر شہدا میں حوالدارغلام نذیر، حوالدار اختر اور سپاہی عبدالکریم شامل ہیں۔