ٹیکسٹائل کے شعبے میں دس سال کے دوران 243.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری

گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں 243.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔پاکستان میں ٹیکسٹائل کا شعبہ غیرملکی زرمبادلہ کے حصول کے ضمن میں کلیدی حیثیت کا حامل رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے اس شعبے کے فروغ اوراس ضمن میں ویلیو ایڈیشن کے لیے حکومت کی جانب سے مراعات بھی دی جارہی ہے تاکہ علاقائی مسابقتی فضا میں پاکستان کے برآمد کنند گان کوسہولیات میسرآسکیں ۔ ذرائع کے مطابق ری فنڈز کلیمز کی ادائیگیوں اوراس حوالے سے نظام کی بہتری کے بعد برآمد کنندگان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ملک میں توانائی کی رسد میں اضافہ کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری اب تیزی کے ساتھ ترقی کر ر ہی ہے۔ اس شعبے سے وابستہ ماہرین کاکہنا ہے کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی استعداد موجود ہے اورضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔سرمایہ کاری بورڈکے اعدادوشمارکے مطابق 2008ءسے لیکر 2018 ءتک کے عرصہ میں ملک میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں مجموعی طورپر 243.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2008-9ءمیں ٹیکسٹائل کے شعبے میں 36.9 ملین ڈالرکی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، مالی سال 2009-10ءمیں 27.8، مالی سال 2010-11ءمیں 25.3 ، مالی سال 2011-12ءمیں 29.8 ملین ڈالر، مالی سال 2012-13ءمیں 10 ملین ڈالر اورمالی سال 2013-14ءمیں اس شعبے میں 0.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔اعداد وشمارکے مطابق مالی سال 2014-15ءمیں ٹیکسٹائل کے شعبے میں 43.9 ملین ڈالر، مالی سال 2015-16ءمیں 20ملین ڈالر، مالی سال 2016-17ءمیں 15.5 ملین ڈالر جبکہ مالی سال 2017-18ءمیں ٹیکسٹائل کے شعبے میں 34.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ ایک اندازے کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 35لاکھ لو گ کام کر رہے ہیں جب کہ 1کروڑ سے زائد افراد بلواسطہ طورپراس شعبے سے وابستہ ہیں۔شعبے کے ماہرین نے امید ظاہرکی ہے کہ نئی بننے والی حکومت ٹیکسٹائل کے شعبے کو ترجیحی حیثیت دیے گی اوراس شعبے میں براہ راست غیرملکی کیلئے خصوصی اقدامات کریگی۔