نائجر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 22 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر
نائجر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 22 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے۔ نائجر کے وزیر برائے ہیومینیٹیرین ایکشن لاﺅاں مگدجی کے مطابق چھ اگست تک شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 49,845تک پہنچ چکی تھی۔ سیلاب سے تین ہزار گھر اور چار ہزار ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ بے شمار مویشوں کے مر جانے کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔مرادی اور دیفا نامی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور صرف دارالحکومت میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد دو ہزار ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو خوراک، پینے کے لئے صاف پانی اور مچھر دانیاں فراہم کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال نائجر کے صحرائی علاقوں میں بھی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے درجنوں افراد ہلاک اور دو لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔