ڈیل سٹین نے 2019ءورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیا دے دیا

سٹار جنوبی افریقن فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیا دے دیا۔ گزشتہ دو برس سے انجریز نے سٹین کو گھیرا ہوا ہے جس کی وجہ سے ان کا کیریئر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں انگلینڈ میں شیڈول 2019ءورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا، مجھے پوری امید ہے کہ میرا تجربہ ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے مدد گار ثابت ہو گا لیکن میگا ٹورنامنٹ کے بعد میں نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ پسند کرتا ہوں جب تک ممکن ہوا میں پانچ روزہ کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وکٹیں نہ لینے پر مایوسی ہوئی لیکن مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں سو فیصد فٹ ہو گیا ہوں، آئی لینڈرز کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کروں گا۔ واضح رہے کہ سٹین نے اکتوبر 2016ءمیں آخری مرتبہ ایک روزہ میچ میں پروٹیز کی نمائندگی کی تھی۔