ووٹ کے ساتھ نا انصافی اور دھاندلی ہوئی، نہ کوئی این آراو لینا چاہتاہے نہ کوئی دینا چاہتاہے ، شہباز شریف

اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ہارنے اور جیتنے والے تمام امیدوار سراپا احتجاج ہیں۔ دھاندلی کی بات ہم ہی نہیں بلکہ غیر ملکی میڈیا بھی کر رہا ہے، متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وہ موسم کی خرابی کے باعث نہیں پہنچ سکے، اس حوالے سے کوئی کچھ بھی کہے انہیں فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ آخری احتجاج نہیں بلکہ اب احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پُر عزم ہیں، انہوں نے پوری قوم کے لیے سلام بھیجا ہے، اور وہ جانتے ہیں کہ پوری قوم ان کے لیے دعاگو ہے، جبکہ نواز شریف کی قید عوام کے لیے بہت بڑی قربانی ہے۔