دنیا منتظر ہے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا، قوی امکانات ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی تیز تر ہوجائے گی،وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ممکنہ نسل کشی کو روکنے میں اخلاقی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ دنیا منتظر ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے کے بعد بھارتی حکام ان کے ساتھ کیا سلوک کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ کیا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی حکومت کا خیال ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچل دے گی؟۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی تیز تر ہوجائے گی۔عمران خان نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی ہوتا دیکھے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس مرتبہ بی جے پی حکومت کے لبادے میں فاشزم کا ایک اور مظاہرہ دیکھیں گے یا پھر عالمی برادری اسے روکنے میں اخلاقی جرات کرے گی؟ ۔