پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا، فواد چوہدری کابینہ میں بھی ہلکی پھلکی موسیقی جاری رکھتے ہیں:فردوس عاشق اعوان
مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، کسی بھی صورتحال میں لچک نہیں دکھائیں گے، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم مسائل کا سبب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر وفاقی کابینہ کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمانی قرارداد کے تناظر میں مسئلہ کشمیر پر مختلف فوکل گروپ بنادیے گئے ہیں۔گزشتہ شب اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان دیا وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے قومی بیانیے اور کشمیریوں کی آواز کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کسی جگہ پر بھی لچک نہیں دکھائے گا اور اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا جو مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے بنیادی ایجنڈا اور قومی بیانیہ ہے۔