الطاف حسین نے صدر زرداری کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے، انہوں نے کہا کہ امریکا اور نیٹو پاکستان کو افغانستان یا عراق مت سمجھے
کراچی میں یوم شہداء کے موقع پر ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ کہ وہ شہدائے حق، لاپتہ افراد اور انکے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یوم شہداء تصدیق کرنے کا دن ہے کہ ایم کیو ایم ملک کی وہ واحد جماعت ہے جسکے مقابلے میں کوئی جماعت آکر یہ ثابت نہیں کر سکتی کہ وہ عملا غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کرتی ہے۔ صدر زرداری کی علالت کے حوالے سے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ صدر وفاق کی علامت ہے، انکی علالت کے موقع پر افواہوں کا بازار گرم کرنا زیادتی ہے۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ صدر مملکت کی صحت یابی کیلئے دعا کی جائے اور منفی پراپیگینڈے اور افواہوں کو پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے۔ نیٹو حملوں کے حوالے سے الطاف حسین نے کہا کہ نیٹو پاکستان کو عراق، افغانستان یا لیبیا مت سمجھے، سپر پاور صرف اللہ تعالی کی ذات ہے ۔ انہوں نے شمسی ائیربیس بند کرنے، بون کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔