کوئٹہ اور اس کے گرد ونواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے، کوئٹہ اور اس کے گردو نواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے، بدھ کی شام سے جمعے کی صبح تک خیبر پی کے، فاٹا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، رواں ہفتے کے اختتام سے پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے، جس کا سلسلہ اگلے تین سے چار ہفتے تک جاری رہنے کی توقع ہے، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، سرگودھا، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، سکھر ڈویژن اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت گوپس میں منفی تین، پاراچنار منفی دو اور قلات میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ کوئٹہ ڈویژن میں ایک دو مقامات پر بارش ہوئی،، تاہم پنجاب کے میدانی علاقے اور سکھر ڈویژن دھند کی لپیٹ میں رہے ۔