کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی تقریب میں دھماکا، 6 افراد زخمی
گلستان جوہر میں ایم کیو ایم پاکستان کی میلاد النبؐی کی تقریب میں دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکا گلستان جوہر کے پرفیوم چوک پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے منعقدہ محفل میلاد میں ہوا، جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تاہم دھماکے کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔پولیس کے مطابق دھماکا کریکر کا تھا جس کے ٹکڑے ملے ہیں، دھماکا ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے منعقدہ میلادؐ کی تقریب میں ہوا، تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، رہنما خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔