نیازی صاحب قوم کو سو دنوں کا جوابدیں,غریبوں کیساتھ ہر صوبے میں ظلم ہو رہا ہے:حمزہ شہباز شریف
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز شریف نے حکومتی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سو دنوں کا پھندا خود اپنے گلے میں ڈالا تھا، وہ اب اس کا جواب دیں۔اتوار کو لاہور میں جلسے سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ قرض لینے پر خود کشی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، وزیر خزانہ کہتے تھے آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے لیکن اگلے ہی دن آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کرتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب قوم کو سو دنوں کا جوابدیں، آپ نے سو دنوں کا پھندا خود گلے میں ڈالا تھا، سٹیٹ بینک کے مطابق سو دنوں میں کئی ہزار ارب قرضوں میں اضافہ ہوا۔ غریبوں کیساتھ ہر صوبے میں ظلم ہو رہا ہے، تجاوزات کی آڑ میں غریبوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔ ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، سٹاک مارکیٹ آئے دن کریش ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میٹرو بس کو ایک شخص جنگلا بس کہتا تھا، جنگلا بس کہنے والوں کو ایک دن غریب کی سواری کا پشاور میں خیال آیا، پشاور میں میٹرو نظر نہیں آتی کھنڈر بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا لیکن اس کے باوجود ہم نے اسمبلیوں میں دل پر پتھر رکھ کر حلف لیا، شہباز شریف نے دن رات صوبے کی خدمت کی، اس لیے ہمیں پاکستانی عوام پر بھروسہ ہے۔