ایرانی صدر کا پاکستان کے ساتھ تجارت ، معیشت ، توانائی اورسیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں میں تعاون بڑھانے پر زور
ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان اورایران کے درمیان تجارت ، معیشت ، توانائی اورسیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون پر زوردیا ہے ۔وہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے دوسری سپیکرز کانفرنس کے موقع پر تہران میں ان سے ملاقا ت کی ۔ایران کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو ایک اہم برادر ہمسایہ مسلمان ملک تصور کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان میں یکساں ثقافت کی وجہ سے ہر حکومت کے دور میں دوستی کے رشتے برقرار رہے ہیں۔ایرانی صدر نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں جس کی بنیاد تاریخ اور عظیم تہذیب ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان کے ایران کے ساتھ قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ایران کے رہبر اعلیٰ کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت میں حالیہ بیان کا ذکر کرتے ہوئے اسد قیصر نے مسئلہ کشمیر کی حمایت پر ایران کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دیرینہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔قومی اسمبلی کے سپیکر نے تہران میں افغانستان کے Wolesi Jirga کے سپیکر عبدالرئوف ابراہیمی عوامی جمہوریہ چین کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین Chen Zhu اور روس کے چیئرمین آف سٹیٹ ڈوما Vyacheslavv Volodin سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی اور ان سے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔