گلستان جوہر میں دھماکا نصب شدہ بم سے کیا گیا، دھماکے میں آئی ای ڈی ڈیوائس استعمال ہونے کی نشاندہی
کراچی: گلستان جوہر میں محفل نعت کے دوران ہونے والا دھماکا کریکر کا نہیں تھا، بی ڈی ایس حکام نے دھماکے میں آئی ای ڈی ڈیوائس استعمال ہونے کی نشاندہی کر دی۔ آئی جی سندھ نے جائے وقوعہ کے دورہ کے دوران کہا کہ ایسے واقعات شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہیں۔کراچی کی فضا میں پھر بارود کی مہک پھیل گئی۔ ہفتے کی رات گلستان جوہر میں محفل نعت کے دوران ہونے والے دھماکے کے مقام کا جائزہ لینے کے لیے آئی جی سندھ کلیم امام پہنچے اور جائے وقوعہ کا دورہ کیا، انہوں نے افسران وعلاقہ مکینوں سے بات چیت بھی کی۔
میڈیا سے گفتگو میں آئی جی سندھ نے کہا کچھ لوگ شہر کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، چائنیز قونصل خانے پر حملے میں ملوث کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اس واقعے کے محرکات اور ملوث افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔