ای سی ایل سے نام نکالنے کا معاملہ،مریم نواز کی درخواست پر سماعت آج ہو گی
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا جس میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، ایف آئی اے،چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مریم نواز نے موقف اختیار کیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے باوجود بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئی، موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا،اور یہ اقدام غیر قانونی ہے۔والد کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں اور والد کو میری سخت ضرورت ہے۔مریم نواز نے درخواست میں عدالت میں استدعا کی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منظور کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ۔ 6نومبر کو مریم نواز کو لاہور ہائی کورٹ میں ضمانتی بانڈزاور پاسپورٹ جمع کروانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا تھا ۔انہیں چوہدری شوگر ملز کیس میں 4 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت دی تھی۔