بادشاہت کبھی بھی جمہوریت کا مقابلہ نہیں کرسکتی:وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بادشاہت کبھی بھی جمہوریت کامقابلہ نہیں کرسکتی، بڑے مقصد کیلئے کشتیاں جلانا پڑتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر چیز وژن سے شروع ہوتی ہے انسان کا وژن جتنا بڑا ہوگا اتنی ہی کامیابی حاصل کرے گا،، خود اعتمادی کھونے والی قوم محتاج ہو جاتی ہے۔بڑے مقصد کیلئے کشتیاں جلانا پڑتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے کہا گیا آپ سائنس و ٹیکنالوجی کو سنجیدہ نہیں لیتے، فواد چودھری کو سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر بنا دیا گیا، اچھے کپتان کو پتہ ہوتا ہے کس کھلاڑی کو کس نمبر پر کھیلانا ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کیلئے فواد چودھری کی کوشش کو سراہتا ہوں، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرٹ سسٹم جیسے جیسے نیچے گیا آہستہ آہستہ پاکستان نیچے چلا گیا۔ جو معاشرے پیچھے ہو جاتے ہیں ان میں میرٹ ختم ہو جاتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے جب کرکٹ ختم کی تو دوسروں کی طرح بیٹھ جاتا۔ جب تک آپ ہار نہیں مانیں گے،آپ کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کسی امیر کو نہیں جانتی، انسانوں کے لیے کچھ کرنے والے کو دنیا جانتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 60 کی دہائی میں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا ، بڑے منصوبے شروع کیے گئے،مگر ملک میں میرٹ کا نظام جیسے جیسے گرتا گیا، ہم کوالٹی ایجوکیشن میں پیچھے رہ گئے ۔ پاکستان کو بھی اس کا نقصان ہوا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ جتنا آپ کو نوازتا ہے اتنی ہی آپ پر ذمے داری ڈالتا ہے، اگلے چار سال تک آپ کو یاد دلاتا رہوں گا کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان دیا گیا۔