پانامہ لیکس میں ملوث مزید افراد کی تلاش بارے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں،سینیٹر سراج الحق
امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پانامہ لیکس میں ملوث ملزمان کو تلاش کرکے ان کے خلاف مقدمات دائر کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمہ اور بے لاگ احتساب سمیت وزیر اعظم نے بہت سے اعلانات اور وعدے کررکھے ہیں ۔قوم ان وعدوں اور اعلانات پر عمل درآمد ہوتا دیکھنا چاہتی ہے ۔گزشتہ روز جاری ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پانامہ لیکس کے ملزمان کے خلا ف کاروائی کے فوری آغازکو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اعلان سابقہ اعلانات کی طرح محض اعلان نہیں رہے گا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کا سب سے پہلے آغاز جماعت اسلامی نے کیا تھا ۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کی بدولت آج کراچی سے چترال تک پورے ملک کے عوام کرپشن کے خلاف متحد ہوچکے ہیں اور بچے بچے کی زبان پر کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤ کے نعرے ہیں ۔