ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانیوالوں کو جوابدہ ہونا ہوگا:فردوس عاشق
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریا ت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانیوالوں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔مافیاز کے گٹھ جوڑ کیخلاف وزیراعظم عمران خان کی جدوجہد آخری مراحل میں داخل ہورہی ہے۔آٹے کے بعد اب چینی بحران کیلئے کچھ نیٹ ورک متحرک ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانیوالوں کو جوابدہ ہونا ہوگا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ ماضی میں طاقتور لوگوں نے قانون کو اپنے مفاد کیساتھ جوڑا ہوا تھا۔گلے سڑے نظام میں اصلاحات کیلئے چیلنجز درپیش ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ گٹھ جوڑ کیخلاف وزیراعظم کی جدوجہد آخری مراحل میں داخل ہورہی ہے۔وزیراعظم عمران خان کا عوام کیساتھ درد اور احسا س کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی اصلاحات پالیسی کو مافیا ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے۔مافیا جانتا ہے کہ عمران خان کی کامیابی سے ان کی سیاسی دکانیں بند ہوجائیں گی ،آٹے کے بعد اب چینی بحران کیلئے کچھ نیٹ ورک متحرک ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ وزیراعظم نے آٹا بحران پر صوبائی حکومتوں کو متحرک کیا،وزیراعظم عوام سے کیے گئے وعدوں سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے.