اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کا فیصلہ,سپیکر قومی اسمبلی، مشیر پارلیمانی امور میں ملاقات میں اتفاق
اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی فیصلہ کرلیا گیا۔منگل کوسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل اہم امور زیر بحث آئے۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ ایوان کی کاروائی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسدقیصر نے اس موقع پر کہا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی سے نہ جمہوریت کی خدمت ہے نہ ہی عوام کی۔ اجلاس میں قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل اہم مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا۔اسد قیصر نے کہا کہ ایوان کی کاروائی خوشگوار ماحول میں چلے گی تو عوامی اہمیت کے امور اور قانون سازی بہتر انداز میں کی جا سکتی ہے۔عوام کی نظریں اپنے منتخب نمائندو ں کی طرف لگی ہوئی ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ منتخب نمائندے پارلیمنٹ کا موثرانداز میں استعمال کر کے عوامی مسائل کا حل تجویز کر سکتے ہیں۔اس موقع پر مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ ایوان کی کارروائی موثر انداز سے چلانے پر سپیکر کا کردار قابل تحسین ہے۔اجلاس کی کارروائی میں ہمیشہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو برابر موقع فراہم کیا گیا۔ امید ہے کہ ممبر قومی اسمبلی آئندہ اجلاس میں قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھیں گے اور ایوان کی کاروائی ساز گار ماحول میں چلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔