مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس اوپیز کی 24 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ

سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس اوپیز کی 24 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آچکی ہیں۔ سعوی اخبار کے مطابق شعبہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل خالد الحربی نے گزشتہ روز آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد الحرام میں 11ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ماسک نہ پہننے اور دو ہزار 752 خلاف ورزیاں سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسجد نبوی میں ماسک نہ پہننے کی 8 ہزار193 اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کی دو ہزار519 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ ادھر مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی شخص کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں انتظامیہ کے دفاتر میں توکلنا ایپ کے بغیر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، کوتاہی کرنے والوں کا احتساب ہوگا۔