کراچی میں ووٹرلسٹوں کی گھرگھر تصدیق کا عمل کل سے شروع ہو رہا ہے، پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا۔

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ووٹر لسٹوں کی خامیاں دور کرنے کے لئے ووٹروں کی گھر گھر جا کر تصدیق کی جائے گی، تصدیق کا یہ عمل جمعرات دس جنوری سے شروع ہوگا جس کے لئے الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے دوران الیکشن کمیشن کے عملے کو سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے وزارت دفاع نے پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ پاک فوج اور اس کے زیر کمانڈ تمام فورسز صرف الیکشن کمیشن کے ملازمین کو محفوظ ماحول فراہم کریں گی اورانتخابی فہرستوں کی تصدیق کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہوگی۔ وزارت دفاع کے مطابق فوجی دستے، رینجرز، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس کل سے کراچی میں تعینات ہوگی۔ کراچی کے پانچ اضلاع میں فورسز کی تعیناتی انتخابی فہرستوں کی تصدیق تک رہے گی۔