مری کے قریب دو مسافر کوسٹرز تصادم کے بعد گہری کھائی میں جاگریں، حادثے میں گیارہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، بارش اور اندھیرے کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔
حادثہ مری کے قریب سالگراں کے مقام پر پیش آیا جہاں دو مسافر کوسٹرز راولپنڈی کی طرف آرہی تھیں کہ ایک دوسرے کو اوورٹیک کرتے ہوئے پھسلن کے باعث آپس میں ٹکراگئیں اور دوسو فٹ گہری کھائی میں جاگریں، دونوں کوسٹرز میں پچاس سے زائد افراد سوار تھے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، حادثے میں پانچ خواتین سمیت گیارہ افراد جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ بارش اور اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، حادثے کے باعث اسلام آباد کے پولی کلینک اور پمز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پمزہسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ کے مطابق ہسپتال میں گیارہ افراد کی لاشوں جبکہ اکتیس زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ جن میں چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔