پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار سلطان راہی کی آج اٹھارہویں برسی ہے ۔ فن کے سلطان کو انیس سو چھیانوے میں گوجرانوالہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا ۔پنجابی فلموں کے بے تاج بادشاہ کی فلم مولا جٹ آج بھی پاکستان کی کامیاب ترین فلم مانی جاتی ہے.
سلطان راہی نے پیشہ وارنہ کیئرئر کا آغاز سٹیج ڈرامے نادر شاہ درانی سے کیا ۔انیسسو انسٹھ میں فلموں میں ان کی آمد ہوئی ۔انہوں نے فلم باغی میں بطور ایکسٹرا کام کیا ۔ساٹھ کی دہائی میں انہوں نے کافی جدو جہد کی لیکن کوئی خاص کامیابی حاصل نہ کرسکے ۔تاہم انیس سو بہتر ان کے کیلئے خوش قسمت ثابت ہوا ان کی تین فلموں نے ڈائمنڈ جوبلی کا جشن منایا۔اس کے بعد سلطان راہی نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور کسی بھی پاکستانی پنجابی فلم کو سلطان راہی کے بغیر ادھورا تصور کیا جاتا ۔انیس سو اناسی میں ان کی فلم مولا جٹ ریلیز ہوئی جس نے انہیں شہرت کے بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ مولا جٹ آج بھی پاکستان کی سب سے کامیاب فلموں میں سے ایک مانی جاتی ہے ۔ سلطان راہی نے ریکارڈ آٹھ سو تیرہ فلموں میں کام کرکے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا۔ پنجابی فلموں کے اس بے تاج بادشاہ کو نو جنوری انیس سو چھیانوے میں گوجرانوالہ سے لاہور آتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔