خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو16 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے آج سماعت کے بعدمیڈیکل رپورٹس پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

خصوصی عدالت نے غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ہر حال میں 16 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے غداری کیس کی سماعت کی۔ خصوصی عدالت کا اپنےفیصلے میں کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ انھیں ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ پرویز مشرف کو پہلے ہی 3 مرتبہ استثنیٰ دے چکے ہیں۔ سابق صدر 16 جنوری کو حکم کے باوجود پیش نہ ہوئے تو عدالت مناسب فیصلہ جاری کرے گی۔،،، سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ نے میڈیکل رپورٹس پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کو دل کا عارضہ لاحق ہے، جو شدید بیماری ہے جبکہ پراسیکیوٹر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی دھڑکن اور بلڈ پریشر نارمل ہے ،کارڈیالوجی اسپتال میں دانت اور کندھے میں درد کا علاج ہورہاہے ۔شریف الدین پیرزادہ کا موقف تھا کہ باقی بیماریوں کی بات نہیں کرتا، دل کا علاج بیرون ملک ہونا چاہئے۔