افغانستان:فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 پائلٹ ہلاک
افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں افغان فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ افغان فوج کے ترجمان روح اللہ احمد زئی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایم آئی 35 چوپر صبح 11 بجے ضلع پرچمن میں حادثے کا شکار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر صوبائی دارالحکومت سے ضلعی ہیڈ کوارٹرز کی جانب گامزن تھا کہ گر کر تباہ ہوگیا۔ فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔