پاکستان نے ایران امریکہ کشیدگی کے پرامن حل کیلئے سفارتی عمل آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا :وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے پرامن حل کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی عمل آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ امن اور معاملات حل کرنے کی ہماری خواہش کو آگے بڑھایا جاسکے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ خطے کو جنگ سے بچانے کیلئے پاکستان اپنا ہر ممکن کردار ادا کریگا کیونکہ اسے یقین ہے کہ کشیدگی ہمارے اور خطے دونوں کے مفادمیں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطہ کسی اورجنگ کامتحمل نہیں ہوسکتا۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ان علاقائی ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلی فون پرگفتگو کے دوران سب کو خطے میں امن واستحکام کے لئے اپناکرداراداکرنے کاکہاگیاہے