حکومت رواں سال ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی ۔وزیراعظم
انہوں نے جمعرات کی سہ پہر اسلام آباد میں ہنرمند پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے معاشی استحکام کے حصول پر خصوصی توجہ دی اور اس سال ہماری توجہ کا محور ترقی کا حصول ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اب اپنے بانی قائداعظم محمد علی جناح اور عظیم فلسفی اور مفکر علامہ محمد اقبال کے تصور پر عملدرآمد کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ پاکستان اپنے شہریوں کی صلاحیتوں اور محنت کے باعث عظیم ملک بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے بانیوں نے قرارداد مقاصد میں واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان بنایا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی معاشرے میں تبدیل کرنے کے ان کے وژن کے تحت معاشرے کے نادار طبقے کی ترقی کیلئے ایک سو نوے ارب روپے مالیت کا احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو پناہ گاہیں فراہم کرنے کے لئے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 170 شیلٹر ہوم قائم کئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے امیدظاہر کی کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے ذریعے روزگار کے کئی مواقع پیدا کئے جائیں گے کیونکہ چالیس صنعتیں تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چار سال میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کئے جائینگے جو لوگوں کو رہائش فراہم کرنے کے اس پروگرام کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور قوم کے فائدے کے لئے ان کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہنرمند پاکستان پروگرام کے پہلے مرحلے میں پانچ لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔انہوں نے ہنرمندی کی تعلیم کے مرکز کو باضابطہ شکل دینے کے لئے نیشنلAccreditation کونسل کے قیام کی تجویز کو سراہا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم قوم بنے گا' امت مسلمہ کی رہنمائی کرے گااور خط اور پوری دنیا میں قیام امن کی کوششوں میں ہر اول دستے کا کردارادا کرے گا۔وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں دوسروں کی جنگ نہیں لڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے لئے بھی کوششیں کریں گے۔