سانحہ مچھ کے شہدا کی تدفین، وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے ، جہاں وہ 10شہیدکان کنوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کردیا اورسانحہ مچھ کے شہدا کی تدفین ہوتے ہی کوئٹہ پہنچ گئے ، وزیرداخلہ شیخ رشید بھی عمران خان کے ہمراہ موجود ہیں۔ کوئٹہ میں عمران خان10 شہید کان کنوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعظم کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوگا ، جس میں عمران خان کوسانحہ مچھ سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔ خیال رہے وفاقی وزیرعلی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری پہلے سے کوئٹہ میں موجود ہیں۔ اس سے قبل سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی نمازجنازہ ادا کرکے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں تدفین کردی گئی، نمازجنازہ میں وفاقی وزیرعلی زیدی ،زلفی بخاری اورڈپٹی اسپیکرقاسم سوری سمیت صوبائی وزرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گذشتہ رات ہزارہ برادری کے دھرنے میں منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے اور دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد منتظمین نے پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔