ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کی راہداری ضمانت منظور

پشاور ہائی کورٹ نے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔کیپٹل سٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) قوانین کیخلاف ورزی کیس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے 16 جنوری تک بیرسٹر سیف کی راہداری ضمانت منظورکرلی۔عدالت نے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کو 7 دن میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔خیال رہے کہ بیرسٹر سیف پر سی ڈی اے کی جانب سے پریزویشن آف لینڈ سکیپ کے تحت قدرتی حسن کو تباہ کرنے کا مقدمہ درج ہے، اسلام آباد کے سیشن کورٹ نے 11 جنوری کو عدم پیشی پربیرسٹر سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔