عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کو خالد شمیم تک رسائی دے دی گئی
ذرائع کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ کو عمران فاروق قتل کیس کے دوسرے ملزم خالد شمیم تک بھی رسائی دے دی گئی ہے۔ ملزم خالد شمیم سے بھی سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے تفتیش شروع کر دی ہے۔اس سے قبل ملزم معظم علی سے سکاٹ لینڈ یارڈ نے مسلسل دو روز تک تفتیش کی جس کے بعد اب ٹیم کو ملزم خالد شمیم تک رسائی دی گئی ہے۔ کیس کے تیسرے ملزم محسن علی تک رسائی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ ان دو ملزموں کے علاوہ تیسرے ملزم تک رسائی کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی بھی ملزموں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی جلد ہی عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ان ملزمو ں سے تحقیقات مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہو گی ۔ جے آئی ٹی ملزموں سے ہونے والی تحقیقات کی رپورٹ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو پیش کرئے گی۔