العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت میں نوازشریف اور مریم نواز کو تین روز کیلئے حاضری سے استثنی
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ خواجہ حارث کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کی پانچ روز کیلئے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔ کلثوم نواز کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ وکیل نوازشریف خواجہ حارث نےکہا کہ آپ یہ کیس نہ سنیں آپ پہلے فیصلہ دے چکے۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ کیا کریں آپ ہی بتائیں۔ خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ مناسب بات یہ ہے کہ دوریفرنسز کو کسی اور عدالت میں منتقل کردیں۔
سپریم کورٹ کو خط میں تمام صورتحال سے آگاہ کردیں۔ وہاں سے جو ڈائریکشنز ملیں گی اس طرح کارروائی آگے بڑھا لیں۔ جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو ٹرائل کی مدت کیلئے درخواست لکھنی ہے۔ سپریم کورٹ کو درخواست میں آپ کا اعتراض بھی شامل کرلیں گے۔ خواجہ صاحب جو بات کررہے ہیں ویسے کرلیتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ڈائریکشنز کا انتظار کرلیتے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹرکا کہنا تھا کہ اگر یہی عدالت دیگر ریفرنسز پر سماعت جاری رکھتی ہے تو ہمیں اعتراض نہیں۔ عدالت نے نوازشریف اور مریم نواز کا تین روز کیلئے حاضری سے استثنی منظور کر لیا۔ ریفرنس پر مزید سماعت بارہ جولائی تک ملتوی کردی گئی۔