احساس پروگرام کا مقصد معاشرے کے غریب طبقے کو ممکنہ سہولتیں فراہم کرنا ہے:وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ احساس پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد معاشرے کے غریب طبقے کو ممکنہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں احساس رہبر کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت معاشرے کے نادار طبقے کا معیار زندگی بہتر بنایا جائیگا اور مستحق افراد کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں غریب افراد کے حقیقی اعداد و شمار جاننے کی غرض سے غربت سروے کرنے کابھی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ سروے جلدازجلدمکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔اس سے پہلے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کو بتایا کہ احساس پروگرام حکومت کا اہم پروگرام ہے جس کامقصد عدم مساوات کاخاتمہ اورپسماندہ اضلاع کو ترقی دیناہے۔ انہوں نے کہاکہ انتہائی غریب افراد، یتیموں، بیواؤں، بے گھر افراد، معذور افراد، بے روزگارافراد، غریب کسانوں ،محنت کشوں، طالب علموں، علیل اور بیمار، غذائی کمی کا شکار اور کم آمدنی والے افراد کی مدد کے لئے سماجی بہبود کااحساس پروگرام شروع کیاگیاہے۔