امریکہ ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ امریکی نائب صدر
امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے تیار ہے اور وہ اس کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ امریکا کے مفادات اور زندگیوں کے تحفظ کے لیے کمربستہ ہے۔ انھوں نے اسرائیل ایڈووکیسی گروپ کی کرسچئین یونائیٹڈ کانفرنس میں تقریر میں کہا کہ ’’ ایران کو امریکا کے ضبط وتحمل کواس کےعزم کی کمی پر محمول نہیں کرنا چاہیے اور اس ضمن میں کسی مغالطے میں نہیں رہنا چاہیے‘‘۔ انھوں نے واضح کیا کہ ’’ امریکا ایران کے ساتھ کوئی جنگ نہیں چاہتا ہے ، ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں،ہم بات سننے کو بھی تیار ہیں لیکن امریکا اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا‘‘۔