ملک کے متعددعلاقوں میں بارش کی پیش گوئی:محکمہ موسمیات
اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر جنوبی علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہے گا ۔تاہم بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیراورگلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں آج بھی بارش ہوگی۔ ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص اور مٹھی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گزشتہ روز کراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں تیس ملی میٹر اور نارتھ کراچی میں تئیس ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس10ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس8، ناظم آبادمیں6.4، صدرمیں6 ملی میٹربارش ریکارڈ اوریونیورسٹی روڈ/موسمیات میں 5.8بارش ریکارڈ کی گئی۔
بادل برستے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، کھوکھراپار ، کورنگی اور ضیا کالونی میں بجلی بند ہو گئی۔ گلشن حدید ، لیاقت آباد اور اسکیم تینتیس کے کئی علاقے بھی بجلی سے محروم ہو گئے۔
بارش کے بعد گلشن حدید، سرجانی، نارتھ کراچی، ناظم آباد اور صدر کے علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے بعد کےالیکٹرک کا ترسیلی نظام جواب دے گیا۔