بچی اغوا کیس:سرفراز بگٹی کی ضمانت کی استدعا مسترد
سپریم کورٹ آف پاکستان نے نو سالہ بچی کے اغوا کے کیس میں سرفراز بگٹی کی عبوری ضمانت کی استدعا مسترد کر دی ۔ سپریم کورٹ میں جسٹس مظہر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور جسٹس قاضی امین بھی بینچ کا حصہ تھے۔سرفراز بگٹی کے وکیل کامران مرتضیٰ نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت تک عبوری ضمانت دے دیں اگر ضمانت نہ ملی تو بڑی مشکل ہو جائے گی۔جسٹس قاضی امین نے ریمارکس د یئے کہ سرفراز بگٹی کو چھ ماہ سے کسی نے گرفتار نہیں کیا تو اب سرفراز بگٹی کو کون گرفتار کرے گا۔ معزز جج نے کہا کہ اگر ضمانت بنتی ہوئی تو دیں گے۔دو رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس مظہر عالم ریمارکس دیے کہ سرفراز بگٹی با اثر شخص ہیں، کوشش کریں بچی مل جائے۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ وکیل صاحب آپ سمجھ سکتے ہیں، ہم کیا کہہ رہے ہیں۔ سرفراز بگٹی ضمانت قبل گرفتاری کی درخواست پر اگلی سماعت14 جولائی کو ہوگی۔