بارشوں کے باعث کپاس کی فی من قیمت میں 400 روپے تک کمی
بارشوں کے باعث کپاس کی فی من قیمت میں 400 روپے تک کمی ہو گئی۔ ملک بھر میں شروع ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث کپاس کے معیار میں خرابی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ پنجاب میں کپاس کی قیمت 400 روپے کمی کے بعد 8600 روپے فی من جبکہ سندھ میں کپاس 150 روپے کمی کے بعد 8350 روپے میں فروخت ہونے لگی۔ چیرمین کاٹن جنرز فورم کے مطابق ایک طرف ملک میں ٹڈی دل ہے تو دوسری جانب محکمہ موسمیات بارشوں کے حوالے سے بروقت درست پیش گوئی نہیں کرتا، اگر یہی صورتحال رہی تو کپاس کی پیداوار گذشتہ سیزن کے مقابلے میں مزید کم ہوجائے گی۔