مویشی منڈیوں کے قیام سے متعلق حکومت نے اہم ہدایات جاری کردیں
عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے مویشی منڈیوں کے قیام سے متعلق حکومت نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار د ے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے مویشی منڈیوں کو شہر سے دور قائم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو کو تحریری طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سال2020کی عیدالاضحی باقی عیدوں سے بہت مختلف ہے، عید الاضحی کے موقع پر کورونا سے بچا ؤکے لیے چند احکامات پرعمل ضروری قرار دیا گیا ہے۔حکومتی احکامات میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی خریداری کے لیے حکومت کی مقررہ مویشی منڈی جائیں، ضرورت کے تحت صرف وہ افراد منڈی جائیں جنہوں نے خود قربانی کرنی ہو۔زیادہ عمر والے افراد اور بچوں کو بکرا منڈیوں میں نہ لے کر جائیں، مویشی منڈی جاتے ہوئے ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں، اندرون شہر میں کسی مویشی منڈی یا فرد سے جانور خریدنے سے گریز کریں۔حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری انفرادی قربانی کے بجائے اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں، قربانی مقرر ہ مذبح خانوں، خیراتی، کمیونٹی تنظیموں میں اور آن لائن کی جائے اس کے علاوہ قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے، عید کے موقع پر دعوتوں کا اہتمام بالکل نہ کریں، قربانی کے جذبے کے تحت آئیں ہم دوسروں کے لئے ایک مثال بنیں، خود بھی محفوظ رہیں اوردوسروں کو بھی محفوظ بنائیں۔