مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والی چار اہم شخصیات کو شہر بدری کے نوٹس جاری
اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والی چار اہم شخصیات کو تین سے چھ ماہ کے کے لیے شہر بدری کے نوٹس جاری کردیئے ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس کی ان چاروں شخصیات کو تحریری نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ ان میں انہیں کہا گیا کہ شہر چھوڑ دیں اور اس دوران وہ کسی انسانی حقوق کارکن یا دوسرے شخص سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے۔جن چار شخصیات کو نوٹس موصول ہوئے ہیں ان میں ناصر الھدمی، سلیم الجعبہ، ماجد الجعبہ اور یعقوب ابو عصب شامل ہیں اور وہ تمام سابق اسیر ہیں۔صہیونی حکام نے کہا کہ ان چاروں شخصیات کے بارے میں چھان بین کی گئی ۔ یہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ان پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس سے تعلق کا بھی الزام عائد کیاگیا اور کہا گیا کہ وہ چاروں القدس میں حماس کے متحرک کارکن ہیں۔