الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس بورڈز میں بلدیاتی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا
الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق ملک بھرکے 42 کنٹونمنٹس بورڈزمیں بلدیاتی انتخاب12 ستمبرکوہوگا۔ اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی 26 سے 29 جولائی تک جمع کرائے جا سکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 31جولائی سے 3اگست تک ہوگی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 13اگست کو آویزاں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری ہونے کے بعد سرکاری افسران کے تبادلوں اور تقرریوں پر بھی پابندی لگا دی ہے ۔ وزیراعظم،گورنر،وزرائے اعلٰی ،وفاقی و صوبائی وزرا کنٹونمنٹ بورڈز کا دورہ نہیں کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق متعلقہ کنٹونمنٹ بورڈز میں کسی قسم کی ترقیاتی اسکیم کا اعلان بھی نہیں کیا جاسکے گا ۔ خیال رہے کہ ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات 12 ستمبر کو ہوں گے، اس کے لیے کاغذات نامزدگی 29 جولائی تک جمع کرائے جاسکیں گے۔الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔