کراچی میں قتل وغارت گری کا سلسلہ بدستور جاری، لی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، رات سے اب تک پانچ افراد ہلاک ۔
اولڈ سٹی ایریا لی مارکیٹ کے قریب ملزمان نے پچیس سالہ نوجوان کو گولیاں مار دیں جو کہ موقع پر ہی دم توڑ گیا،مقتول کی لاش کو سول ہسپتال پہنچادیا گیا ہے تاہم ابھی تک اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب رات گئے سہراب گوٹھ میں مسلح گروپوں کے تصادم میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائر کے قریب دو گروپوں میں اس وقت تصادم ہوگیا جب انصاف خدمت کمیٹی کے ارکان ایک چور کو پولیس کے حوالے کرنے جارہے تھے ۔ مبینہ طور پر چور کو چھڑوانے کی کوشش مسلح تصادم میں تبدیل ہوگئی جس کے نتیجے میں خیر عالم اور محمدعالم نامی دو بھائیوں سمیت چار افراد مارے گئے۔رینجرز نے پندرہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کردیا ہے۔