کشمیری قوم 7دہائیوں سے اپنے پیدائشی اور بنیادی حق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ علی گیلانی
کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے آزادی پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ روزوں کے اس مقدس مہینے میں حسبِ سابقہ اور حسبِ معمول تحریک حریت کی زکوٰۃ، صدقات اور عمومی اعانت کی صورت میں مالی معاونت کریں اور اُس عظیم کاز اور مشن کو کامیاب بنانے کے لیے قدمے، سخنے اور درمے اس تنظیم کی مدد کریں، جس کو آگے بڑھانے کے لیے یہ سرگرمِ عمل ہے اور جس میں یہ ہر اول دستے کا رول نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے کو مواسات یعنی ہمدردی کا مہینہ قرار دیا گیا ہے اور اس میں سماج کے ان کمزور اور نادار لوگوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض کیا گیا ہے، جو کسمپرسی اور مشکلات کی زندگی جیتے ہیں اور جو روزمرہ کی گزر بسر کی ضروریات سے بھی محروم ہوتے ہیں۔ اخبارات کے ذریعے ایک مالی اپیل میں سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم پچھلی 7دہائیوں سے اپنے پیدائشی اور بنیادی حق، حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور اس جدوجہد میں اس نے آج تک عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ شہید ہوگئے ہیں، لاکھوں بے خانما ہوگئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں ایسے ہیں، جن کا کوئی اتہ پتہ نہیں کہ انہیں آسمان کھا گیا ہے یا زمین نگل گئی ہے۔ وہ کوئی گھر نہیں، جو کم یا زیادہ متاثر نہیں ہوا ہے اور جس کو چوٹ نہیں پہنچی ہے۔ گیلانی صاحب نے کہا کہ تحریک حریت جہاں حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ایک پُرامن جدوجہد کررہی ہے، وہاں یہ وقتاً فوقتاً ان لوگوں تک پہنچنے کی بھی مقدور بھر کوشش کرتی رہتی ہے، جو اس تحریک سے متاثر ہوئے ہیں اور جن کا کوئی پُرسان حال نہیں ہوتا۔ تحریک حریت نے ایک بُلڈ بینک بھی قائم کیا ہے اور یہ دوسرے سماجی کاموں کے علاوہ سیلاب اور دیگر ناگہانی آفات کے وقت بھی متحرک ہوکر لوگوں کی بِلا امتیازِ مذہب وملت مدد کرتی ہے۔ گیلانی نے کہا کہ تحریک حریت کا ایک مضبوط اور فعال تنظیمی ڈھانچہ پوری ریاست میں کام کررہا ہے اور اس کی ضروریات بھی لوگوں کی طرف سے دی جانے والی مالی امداد سے پوری کی جاتی ہیں۔ یہ پورا سسٹم کمال امانتداری اور دیانتداری کا حامل ہے اور کشمیری عوام اس کی شفافیت پر بھرپور اعتماد کرکے اس کی ہر ممکن طریقے سے معاونت کرتے ہیں۔ گیلانی نے آزادی پسند عوام سے اپیل کی کہ وہ اب کی بار بھی اپنی زکوٰۃ وصدقات اور عمومی اعانت کی رقمیں تحریک حریت کے بیت المال میں جمع کرائیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ کے ہاں اجرِ عظیم کے مستحق بن جائیں۔