نئی فصل کی روئی کا پہلا سودا 7 ہزار روپے من میں طے
پاکستان میں کاٹن ایئر 2017-18 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، پھٹی اور بنولہ کے بعد کپاس کی نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی کی خریداری سرگرمیاں بھی شروع ہوگئیں۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ نئی پھٹی سے تیار ہونے والی روئی کے کاٹن ائیر 2017-18کے اولین سودے گزشتہ روز شہداد پور(ضلع سانگھر)کی ایک جننگ فیکٹری میں طے پائے اور ابتدائی طور پر روئی کی 200 بیلز 7 ہزار روپے فی من فروخت کی گئیں۔احسان الحق نے بتایا کہ میر پور خاص اور شہداد پور میں ایک ایک جننگ فیکٹری اس وقت تک مکمل طور پر آپریشنل ہو چکی ہے اور سندھ کی ساحلی پٹی میں قائم بیشتر شہروں میں پھٹی کی چنائی شروع ہونے کے باعث توقع ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو آدم اور شہداد پور میں مزید جننگ فیکٹریاں بھی آپریشنل ہو جائیں گی۔یاد رہے کہ نئی پھٹی کے سودے ابتدائی طور پر3 ہزار 500 سے 3 ہزار 600 روپے فی 40 کلو گرام اور بنولہ کے سودے 1 ہزار 650 روپے فی من تک ٹریڈ ہو رہے ہیں۔