ایک اشتہاری کی درخواست پر وزیراعظم کے بچوں کا احتساب ہو رہا ہے۔ طلال چوہدری

مسلم لیگ(ن)کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایک اشتہاری کی درخواست پر وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کا احتساب ہو رہا ہے۔پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ایک سائل اپنے حق کے لیے شیخ رشید کو روکتا رہا، شیخ رشید نے پہلے کہا کہ پیسے دے دوں گا پھر کلمہ پڑھ گئے، شیخ صاحب کو تو انصاف مل گیا لیکن اس شخص کو انصاف کون دے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ نواز شریف نے میرے خلاف سازش کی، سازش کا الزام لگانے والے اپنا سیاسی قد تو دیکھیں، شیخ رشید کیا پدی کیا پدی کا شوربہ، شیخ رشید پہلے اپنا قد دیکھیں کہ نواز شریف انہیں گرفتار کروائیں گے۔طلال چوہدری نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک اشتہاری کے کہنے پر وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کا احتساب ہو رہا ہے، اشتہاری ''عمران خان''خود خیبر پختونخوا کے پہاڑوں میں جا کر چھپا ہوا ہے، وزیراعظم کے بچے 24گھنٹوں میں پیش ہو سکتے ہیں تو یہ اشتہاری کیوں گرفتار نہیں ہوتے۔