شہباز شریف لندن میں قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،والہانہ استقبال
مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن میں تقریبا دو ماہ قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ شہباز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو لیگی کارکنوں اور رہنماوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا، گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔پارٹی صدر کے استقبال کے لیے لیگی رہنما امیر مقام، احسن اقبال، میاں مرغوب ، میاں مجتبیٰ ، بلال یاسین ، عظمیٰ بخاری ، راحیلہ خادم، ملک پرویز ، شائستہ پرویز ، علی پرویز ، وحید عالم خان، ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چوہدری شہباز ، غزالہ سلیم بٹ، ملک سیف الملوک، عطااللہ تارڑ ،عائشہ غوث پاشا اور دیگر اہم رہنما بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔شہباز شریف نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا، پارٹی رہنمائوں سے مصافحہ کیا اور قافلے کی شکل میں ایئرپورٹ سے ماڈل ٹائون میں اپنی رہائشگاہ پہنچے۔ ادھر لاہور ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، مال روڈ چیئرنگ کراس، ریگل چوک، اور کلمہ چوک پر بھی پولیس موجود رہی ۔یاد رہے کہ شہباز شریف 10 اپریل کو طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے، ان کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ سکینڈل کے مقدمات زیر سماعت ہیں.