ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار
ملک کے بیشتر علاقے آج بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ پنجاب،خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ میں موسم شدید گرم رہیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک ہے جبکہ پنجاب،خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ کراچی کا موسم بھی گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔،شہر قائد میں مغربی علاقوں سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیںدوسری جانب اندرون سندھ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جہاں جیکب آباد میں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاڑکانہ پینتالیس، روہڑی چوالیس، جبکہ سکھر میں بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔پنجاب میں بھی سورج کے مزاج شدید برہم ہیں رحیم یار خان میں چوالیس، بہاولپور اور بہاولنگر میں چوالیس،جھنگ اور قصور میں تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ مٹھی دادو روہڑی لاڑکانہ اور موہنجودارو میں اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔