وزیراعظم کی بجٹ میں غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالا میں وفاقی بجٹ پر غور کے لیے اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی اور اقتصادی ماہرین نے شرکت کی۔معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دی اور انہیں بجٹ میں ٹیکس کے نفاذ اور اہداف سے متعلق آگاہ کیا جبکہ مالی سال 2018-19 کی بجٹ تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعظم نے بجٹ تیاری اور ممکنہ حجم سے متعلق معاشی معاہرین سے مشاورت کی جبکہ مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چئیر مین ایف بی آر نے وزیراعظم کو تجاویز پیش کیں۔وزیر اعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے۔وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی نمبر ون ترجیح عوام ہیں اور یہ بجٹ عوام دوست ہوگا، یہ بجٹ تحریک انصاف کے طویل المدتی پروگرام کی راہ ہموار کرے گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر حکومتی ترجمانوں کا اجلاس بھی بنی گالہ میں طلب کیا گیا ہے اور اس کی صدارت بھی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت اپنا بجٹ 11 جون کو پیش کرے گی۔