کورونا کے مریضوں پر ایکٹیمرا انجکشن کے اچھے نتائج سامنے آنے لگے
لاہور : وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ایکٹیمرا انجکشن کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک ہزار مریضوں پر انجکشن کے استعمال کی اجازت دی ہے، لوگ اپنے طور پر یہ انجکشن نہ استعمال کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاہورمیں کورونا کیسز کی تعداد 19299 ہوگئی ، پنجاب میں آج کورونا کے 1916نئے کیسزسامنے آئے۔ وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی تو لوگوں کا خیال تھا یہ وباچلی گئی، لوگوں کو آگاہ کیا یہ وبا موجود ہے ، ایس اوپیز پر عمل کرنا ضروری ہے، ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر جرمانے کئے گئے ،دکانیں بند کی گئیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا اپنی حفاظت کرنا بھی عوام کا فرض ہے ، 50سال سے زائد عمر اور بیماریوں میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہورہے ہیں، صوبے کے اسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز موجود ہیں ، ہم پہلے سے ہی کہہ رہے ہیں کہ کورونا کے کیسز تعداد بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ احتیاط ہی کورونا وائرس سے نجات کا واحد حل ہے، کورونا کی علامات پر مریض خود جانے کی کوشش نہ کرے ، کورونا کی علامات پر مریض کو ریسکیو1122 خود لیکر جائے گی، مشتبہ مریض خود اسپتال نہ جائیں تو ریسکیو1122سے رابطہ کریں۔