اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی سی بی کو منصور احمد خان کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان سپورٹس بورڈ(پی سی بی) کو درخواست گزار منصور احمد خان کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا ۔بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی کی تعیناتی چیلنج کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ طلب کر رکھی تھی۔ وکیل درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ میرے موکل پاکستان اسپورٹس بورڈ میں ڈپٹی ڈی جی ایڈمن ہیں اور دو چار بار قائم مقام ڈی جی بھی رہے اور اس دوران انہوں نے کبھی کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔وکیل نے مزید کہا کہ ہائیکورٹ میں درخواست دائرکرنے پرجان بوجھ کر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔عدالت نے ہدایت کی کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ درخواست گزار کے خلاف کوئی بھی کاروائی نہ کرے۔ عدالت نے کیس کو سپورٹس بورڈ کے ڈی جی کی تعیناتی کے خلاف کیس کے ساتھ یکجا کردیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت جولائی تک ملتوی کردی۔