پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام 4 بجے ہو گا

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے میں نیب اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل شامل ہیں ۔ صدر مملکت کی جانب سے واپس کیے جانے والے دونوں بلوں کومنظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن اور نیب ترمیمی بلز کو نظر ثانی کے لیے واپس بجھوا دیے تھے ۔ بل آئین کے آرٹیکل 75 کی شق ایک بی کے تحت واپس وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوائے گئے۔ ایجنڈا کے مطابق سینیٹ سے منظور نہ کیے جانے والا قومی ٹیکنالوجی بورڈ اور پاک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنسی ٹیکنالوجی بل بھی اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سینیٹ سے منظور نہ ہونے والا والدین کے تحفظ کا بل بھی آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کیلیے پیش کیا جائے گا۔ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ملکی معاشی صورت حال پر بحث کی تحریک بھی پیش کی جائے گی۔