ملک سنبھالنے کی تیاری نہیں تھی تو سازش کر کے حکومت کیوں گرائی: عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر یہ معیشت نہیں سنبھال سکتے تھے تو سازش کرنے کی کیا ضرورت تھی؟، ڈیڑھ سال بعد الیکشن تھا تھوڑا انتظار کرلیتے۔معاشی اصلاحات پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا ہم نے آئی ایم ایف کا دباؤ برداشت کیا لیکن پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھائی۔ ہمارے تین برس میں ایسی لوڈشیڈنگ کبھی نہیں تھی، خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ ہوگیا تو دوبارہ اٹھانے میں بہت دیر لگے گی، اس حکومت نے دو ماہ میں پیٹرول اور ڈیزل 60 روپے بڑھادیا۔ مہنگائی کا پہلی تاریخ کو بجلی کے بلوں میں پتا چلے گا۔عمران خان نے کہا اگر یہ معاشی طور پر ملک کو سنبھالنے کیلئے تیار نہیں تھے تو کیا ضرورت تھی سازش کرنے کی؟، پہلے معیشت سنبھالنے کی تیاری کرتے،کس بات کی جلدی تھی؟، ڈیڑھ سال بعد الیکشن تھے، عوام کو اب پتہ چلے گا مہنبگائی کیا ہوتی ہے، خوف ہے عام آدمی کس طرح گزارہ کرے گا۔ یہ کہہ رہے تھے مہنگائی بہت ہے تو مہنگائی تو اب سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا جب سے یہ حکومت آئی باہر سے قرض ملنا مشکل ہوگیا ہے، ہم نے سب سے زیادہ نچلے طبقے کو اٹھانے کی کوشش کی، ہمارے دور میں زرعی پیداروامیں 4.4فیصد اضافہ ہوا، ہمارے دور میں انڈسٹری 7.2 فیصد بڑھی، سیمنٹ 600 روپے بوری سے ہزار روپے بوری پر پہنچ گیا ہے، جس سے تعمیراتی صنعت پر اثرات پریں گے، ہمارے دور میں خطے کی نسسبت سب سے کم بیروزگاری تھی۔