اقتصادی جائزہ رپورٹ: ملکی برآمدات، درآمدات کے مقابلے میں 40 فیصد رہ گئیں

اسلام آباد: پاکستان میں شرح نمو 4.8 فیصد کے مقابلے میں 5.97 فیصد رہی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے پیش کردہ برائے مالی سال 22-2021 کی اقتصادی جائزہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر کے ہمراہ اقتصادی سروے جائزہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ بدقسمتی یہ ہے کہ جب ہم ترقی کرتے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں پھنس جاتے ہیں، رواں مالی سال میں مجموعی ملکی پیداوار میں شرح نمو 5.97 فیصد رہی، اس نئے تخمینے کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ آپے سے باہر ہو گیا اور ادائیگیوں کے توازن کا بحران آگیا۔انہوں نے کہا کہ رواں برس ہماری درآمدات 76 سے 77 ارب ڈالرز کے درمیان ہو گی جو تاریخی اور جی ڈی پی کے تناسب سے بھی سب سے بڑا نمبر ہے، برآمدات میں اضافہ ہوا ہے لیکن صرف 28 فیصد ہوا جس کی وجہ سے تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا۔